جمعہ, جون 12, 2026
اشتہار

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ’بانی پی ٹی آئی رہائی فورس‘ بنانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور(18 فروری 2026): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ایک خصوصی ‘رہائی فورس’ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی فوری رکنیت سازی شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ احتجاج اور مذاکرات کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی تھی، قیادت نے دھرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ہم نے لبیک کہا اور اب قیادت کے فیصلے پر ہی دھرنا ختم کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں لوگوں نے اپنی مرضی سے دھرنا دیا، حکومت نے اس حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی تھی، وزیراعلیٰ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا تو انگلی ٹیڑھی کرنا پڑے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ انہیں اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کی تشکیل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائیں گے تو اس فورس کو شکریہ کے ساتھ تحلیل کر دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ہم ایک کال دیں گے جس میں سب ساتھ ہوں گے، پہلے بھرپور تیاری ہوگی اور پھر لڑائی ہوگی، جس میں جیت حق اور سچ کی ہوگی۔

 وزیراعلیٰ بننے کی کوشش کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور احتجاج کے دوران تکلیف برداشت کرنے والے عوام کے شکر گزار ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں