پشاور: فاٹا کے انضمام سے متعلق خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، اجلاس میں فاٹا کو کے پی کے میں انضمام کی توثیق کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی میں فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل منظور کرلیا گیا جس کے تحت فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے گا جبکہ بل کی حمایت میں 229 اور مخالفت میں ایک ووٹ آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے اسمبلی کا اہم اجلاس ہفتے کو ہوگا، فاٹا کے انضمام کی توثیق کے لیے صوبائی حکومت کو 82 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ جے یو آئی کے علاوہ تمام جماعتیں توثیق کی حمایت کریں گی، جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
قومی اسمبلی میں فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل منظور
ذرائع کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کی توثیق کے لیے 2 تہائی اکثریت درکار ہوگی، مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں رابطوں کا آغاز ہوچکا ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے یہ ٹاسک اسپیکر اسد قیصر کو سونپا ہے۔
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات بل کی تمام نو شقوں کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو جائے گا۔
فاٹا بل آج منظورنہ کیا جاتا تو قبائلی علاقوں میں انتشار پھیلتا، عمران خان
علاوہ ازیں قومی اسمبلی سے منظور شدہ بل سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد بل پر صدر مملکت دستخط کریں گے، اور بل قانونی حیثیت اختیار کر جائے گا جب کہ فاٹا قانونی طور پر کے پی کا حصہ بن جائے گا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔