پشاور: مشیرِ تعلیم خیبر پختون خوا ضیاء اللہ خان بنگش نے قبائلی ضلع اورکزئی میں ایک ہی دن میں کالج اور تین اسکولوں کا افتتاح اور کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لیے مشیرِ تعلیم کے پی ضیاء اللہ بنگش کے نئے ضم ہونے والے اضلاع کے دوروں میں تیزی آ گئی ہے۔
[bs-quote quote=”مشیرِ تعلیم نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
مشیرِ تعلیم نے ضلع اورکزئی کا مقامی مشران کے ہم راہ تفصیلی دورہ کیا، جہاں انھوں نے تعلیمی سہولیات اور اسکولوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کیں۔
ضلع اورکزئی کے ایک روزہ دورے میں ضیا بنگش نے جرگہ عمائدین کے ساتھ ملاقات بھی کی، عمائدین نے علاقے کے مسائل کے حوالے سے مشیر تعلیم کو آگاہ کیا۔
مشیرِ تعلیم نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
ضیاء اللہ بنگش نے دورے کے دوران گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول سما بازار اورکزئی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول اورکزئی، گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز غلجو اور پولیٹکل ایجنٹ پبلک اسکول اورکزئی کا افتتاح کیا۔
دورے کے دوران مشیرِ تعلیم نے اورکزئی میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان کیا، اساتذہ کی حاضری کی بہتری کے لیے آزاد مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی: مذہبی کتابوں کی پڑھائی مکمل کرنے پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا نیا قانون
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں ترجیحی بنیادوں پر میرٹ پر اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں جس کے لیے اشتہار بھی جاری ہو چکا، تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ عنقریب اورکزئی عوام تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق قبائلی اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔