The news is by your side.

Advertisement

خیبرپختونخوا حکومت کا بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے بھی کرونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرلیا، صوبائی نے جاری اعلامیے میں کہا کہ اشیائے خورد و نوش کے علاوہ دکانیں، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی گزشتہ ایک ماہ سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس لاک ڈاؤن کے باعث غریب اور مزدور طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، وفاقی حکومت نے مذکورہ طبقے کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بھی وفاقی حکومت کے فیصلے پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکانوں کو ہفتے میں چار دن کھولنے کی اجازت ہوگی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خورد ونوش کے علاوہ تمام دکانیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

اعلامیے کے مطابق تمام قسم کی دکانیں مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق کام کریں گی، 9 بجے سے 4 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹرا سٹی، دیگر ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے بھی لاک ڈاؤں میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے تاہم پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں