پشاور: خیبر پختون خوا میں سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار دے دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے کے پی بھر کے تمام کالجز کو آفیشل سوشل میڈیا پیج بنانے کی ہدایت کر دی ہے، ہائر ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے تمام کالجز کے پرنسپلز کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن کالجز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نہیں وہ فوری آفیشل اکاؤنٹس بنائیں، سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایک ہی آفیسر یا آفیشل ہینڈل کرے گا، اور متعلقہ آفیسر کی معلومات محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔
مراسلے میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مختلف کالجز کے نام پر بنے تمام غیر آفیشل اکاؤنٹس ختم کیے جائیں، ہر کالج کا صرف ایک ہی آفیشل اکاؤنٹ موجود رہے گا۔
مراسلے کے مطابق پیچز پر کالجز سے متعلق سرگرمیاں، ایڈمیشن کا طریقہ کار، سیمینار ، ورکشاپ اور دیگر سرگرمیاں اپ لوڈ کی جائیں گی، آفیشل پیجز پر غیر ضروری اور غیر متعلقہ پوسٹ کو شیئر نہیں کیا جائے گا۔