پشاور : خیبرپختونخوا اسمبلی میں جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل ایوان میں پیش کر دیا گیا، جس کے تحت تحائف سمیت ولیمہ اور دیگر اخراجات 75 ہزار روپے مالیت سے زیادہ نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت منعقدہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں خواتین اراکین کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر مہرتاج روغانی اور راشدہ رفعت نے جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل ایوان میں پیش کیا۔
جس کے تحت دلہن کے والدین کو جہیز پر مجبور کرنے والوں کو دو ماہ قید اور تین لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، نکاح اور بارات میں مہمانوں کی تواضع صرف مشروبات سے کی جائے گی جبکہ ولیمہ میں چاول، گریوی اور سویٹ کے علاوہ دیگر ایشاء پکانے پر پابندی عائد ہوگی۔
اسی طرح والدین یا دیگر رشتہ دار دلہن کو جہیز کی بجائے صرف تحائف دے سکیں گے، جن کی مالیت بھی دس ہزار روپے سے زائد نہیں ہوگی۔
بل کے مطابق جہیز کی مد میں نقد رقم یا دیگر لوازمات رکھنے پر دلہن اور دلہے کے والد یا سربراہ کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔