مظفرآباد: کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے کہا ہے کہ ہرشل گبز بھارت کا دباؤ ٹھکراتے ہوئے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کے پی ایل میں اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، انھیں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو بھارت میں وہ کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔
ادھر کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہرشل گبز نے بھارتی دباؤ مسترد کر دیا ہے، اور وہ لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، سیاست نہیں ہو رہی، کے پی ایل پر مقبوضہ کشمیر میں بھی بہت جوش و خروش ہے، کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کے پی ایل دیکھ سکیں۔
خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا اور فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے اوّلین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز افتتاحی میچ میں مد مقابل ہوں گے۔
ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی روشنیوں میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور یہ پلیٹ فارم نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے نہایت مناسب ثابت ہوگا۔