پشاور: وزیرخزانہ خیبرپختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری مواقع بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے تجربات سے بھرپوراستفادہ حاصل کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ خیبرپختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صنعت کاروں اور کاروباری افراد پر مشتمل ٹیم صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے آغاز کو آسان بنانے کے لیے تجاویز مرتب کرکے حکومت کو پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بڑے اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹیکسیشن نظام میں اصلاحات سمیت درپیش دیگر مسائل کا حل اور صوبے میں سرمایہ لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے 100 روزہ ایجنڈے می ترجیحی بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی میں پرائیوٹ سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے تجربات سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کرے گی۔