کراچی : کیماڑی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے آئل ٹرمینل کے فیول ٹینک میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے، پاکستان نیوی، کے پی ٹی اور کے ایم سی کی ٹیمیں آگ بجھانے میں تاحال مصروف ہیں۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیف فائر آفیسر سعید جدون کا کہنا ہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل میں لگنے والی آگ پہ 20گھنٹے سے زائد وقت گذر جانے پر بھی قابو نہیں پا یا جا سکا ہے جب کہ کے پی ٹی اور نیوی کے فا ئر ٹینڈرز نے رات بھر ریسکیو آپریشن جا ری رکھا اس کے علاوہ کے ایم سی اور کے پی ٹی کے دو اسنار کل بھی آگ بجھانے کے لئے استعمال کئے جا تے رہے ہیں۔
اسی سے متعلق : کے پی ٹی ٹرمینل پر آگ بھڑک اُٹھی،فیول ٹینک پھٹنے کا خدشہ
کے پی ٹی کے چیف فائر آفیسر نے کہا ہے کہ آئل ٹینک میں 10 فی صد کیمیکل باقی رہ گیا ہے، کیمیکل ختم ہونے پر ہی آگ بجھ سکے گی، آگ کے بجھ جانے کے بعد کولنگ کا عمل رات تک ہی مکمل ہو پائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز کراچی پورٹ ٹرسٹ کے آئل ٹرمینل کے فیول ٹینک میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جس میں جھلس کر 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے تھے جب کہ کے پی ٹی،کے ایم سی اور پاکستان نیوی کی گائر بریگیڈ گاڑیاں آگ بجھانے میں تا حال مصروف ہیں۔