بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

کراچی واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ: پاکستان، سعودی عرب اور مقامی شراکت داروں میں معاہدہ ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (6 جون 2026): کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی 140 ایکڑ اراضی پر میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کیلیے ایم او یو پر دستخط کر لیے گئے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پاکستان نے سعودی عرب اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ کے پی ٹی کی ساحلی اراضی پر عالمی معیار کے میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کی ترقی کے امکانات کا جائزہ لینے کیلیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

ایم او یو پر دستخط سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل (جے بی سی) کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورۂ پاکستان کے دوران کیے گئے۔ معاہدے پر کراچی پورٹ ٹرسٹ، سعودی بزنس کونسل، نجد گیٹ وے ہولڈنگ کمپنی، عارف حبیب ڈولمین ریئٹ مینجمنٹ لمیٹڈ (اے ایچ ڈی آر ایم ایل) اور پاکستان کارپوریٹ کنسورشیم کے درمیان اتفاق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی ٹی میں نئی تاریخ رقم، بڑی سہولت کا آغاز

وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ منصوبہ کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر واقع کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 140 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جس کا مقصد علاقے کو ایک جدید تجارتی اور بحری مرکز میں تبدیل کرنا ہے جس کے تحت جدید تجارتی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور شہری ترقی کے عمل کو مزید تقویت ملے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساحلی اثاثوں کی مکمل صلاحیت بروئے کار لانے اور پاکستان کو بحری تجارت و سرمایہ کاری کے علاقائی مرکز کے طور پر ابھارنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے پر عمل درآمد سے قبل پاکستانی قوانین کے تحت تمام قانونی اور ریگولیٹری تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

دریں اثنا، سعودی وفد کے ارکان نے بحری شعبے میں وسیع تر تعاون، بندرگاہی انفراسٹرکچر کی ترقی اور متعلقہ منصوبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور تجارتی سہولت کاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی منظوریوں سے مشروط یہ منصوبہ خطے کے سب سے بڑے ساحلی تجارتی ترقیاتی منصوبوں میں شمار ہو سکتا ہے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں