سعودیہ میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ غیر متعلقہ ای میلز سے ملنے والے جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر کہا ہے کہ غیر متعلقہ اکاؤنٹس سے ای میل کے ذریعے صارفین کے نام پیغامات بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیں ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے ایک بار پھر خبردار کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے لوگوں کو چاہئے کہ وہ ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیں، ایسا ہونے کی صورت میں حکام سے رابطہ کریں۔
اتھارٹی کی جانب سے اس طرف توجہ مرکوز کرائی گئی کہ ایک صارف نے دریافت کیا کہ اسے اتھارٹی کے ’لوگو‘ والی ای میل سے یہ پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا ’ٹیکس دینے والے بھائی‘۔ اس حوالے سے اتھارٹی کی کیا ہدایت ہے۔
واضح رہے کہ بعض فراڈیے زکوۃ اتھارٹی سمیت متعدد سرکاری اداروں کے لوگو کے ساتھ صارفین سے رابطے کرکے ان سے ان کی بینک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اپنی بینک معلومات ہرگز کسی کو نہ دیں۔