کراچی : جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر کو خاتون لیکچرار کو انٹر نیٹ پر ہراساں کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے،ایف آئی اے نے مذکورہ پروفیسر کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شعبہ نفسیات کے پروفیسرفرحان کامرانی پرایک نجی یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر کو انٹرنیٹ پر ہراساں کرنے،سوشل میڈیا پر خاتون پروفیسرکے صفحے پربےہودہ تبصرے کرنے اور خاتون پروفیسر کی غیراخلاقی تصاویر شیئر کرنے کا الزام ہے۔
اے آر وائی نیوز کے رپورٹر کے مطابق پروفیسر فرحان کامرانی کو ان سنگین جرائم میں ملوث پائےجانے کے بعد کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے اُن کی معطلی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خاتون پروفیسر کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کی شکایت پر ایف آئی اے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت پروفیسر فرحان کامرانی کوحراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں تفتیش کا عمل جا ری ہے۔
پروفیسر فرحان کامرانی جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات میں بہ طور پروفیسر فرائض انجام دے رہے تھے قبل ازیں وہ محمکہ پولیس میں بہ طور ماہر نفسیات مقرر تھے۔