ہانگ کانگ فلم انڈسٹری کے لیجنڈری مارشل آرٹس اداکار سیو لونگ لیونگ 77 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیرباد کہہ گئے، ان کے اہلِ خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پُرسکون طور پر دنیا سے رخصت ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیو لونگ لیونگ کے اہلِ خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق ہانگ کانگ کے معروف میڈیا ادارے کو کی۔
خاندان کا کہنا ہے کہ تدفین کے انتظامات نجی سطح پر کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان کی آخری رسومات اور الوداعی تقریب 26 جنوری 2026 کو چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شین ژین کے علاقے لونگ گانگ میں منعقد کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق سیو لونگ لیونگ ہانگ کانگ فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے اور 1970 اور 1980 کی دہائی میں مارشل آرٹس فلموں کے صف اول کے اداکاروں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔
انہوں نے فلمی کیریئر میں شہرت اس وقت حاصل کی جب انہوں نے کردار ’چن ژن‘ ادا کیا، جو بعد میں کنگ فو فلموں میں ایک یادگار کردار بن کر سامنے آیا۔
انہوں نے نئی نسل کے ناظرین میں بھی اپنی پہچان قائم کی، خاص طور پر اسٹیفن چاؤ کی عالمی شہرت یافتہ فلم کنگ فو ہسل میں ’دی بیسٹ‘ کے کردار کے ذریعے۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو آج بھی فلم کے سب سے یادگار اور پسندیدہ عناصر میں شمار کیا جاتا ہے۔
سیو لونگ لیونگ کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے نہ صرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی مارشل آرٹس میں مہارت حاصل کی۔
ننھے کنگ فو ماسٹر نے سب کو حیران کردیا، ناقابل یقین ویڈیو
بروس لی کے انتقال کے بعد ابھرنے والے ’بروسپلوٹیشن‘ اداکاروں میں بھی ان کا نام نمایاں رہا۔ معروف اداکار کے انتقال پر فلمی دنیا اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



