جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

کویت چھوڑ کر جانے والے نئی مشکل میں پھنس گئے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کویت: مملکت چھوڑ کر جانے والے نئی مشکل میں پھنس گئے، ملک سے روانگی سے قبل مزید دو اقسام کی ادائیگیوں کا اضافہ کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے نئے فیصلے کا مقصد بین الاقوامی شہریوں کے ملک سے روانگی سے قبل وزارت ٹرانسپورٹ کے ذمہ واجب الادا قرضوں کی وصولی ہے۔

یہ اقدام آج سے نافذ العمل ہوچکا ہے، وزارت کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف سیکورٹی ریلیشنز اینڈ میڈیا نے گزشتہ منگل کو اس معاملے پر ایک پریس بیان جاری کیا۔

حکم نامے میں یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی غیر ملکی ملک چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہے، چاہے وہ کسی بھی وجہ سے ملک چھوڑ رہا ہو، اس شخص کو وزارت ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ یا سھل ایپلی کیشن کے ذریعے کسی بھی بقایا بل کی ادائیگی کرنا ہوگا۔

یہ فیصلہ نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال خالد الاحمد الصباح کی ہدایات جاری ہونے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں غیرملکیوں سے واجبات کی وصولی کے عمل میں حکومتی اداروں اور وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے۔

مزید برآں،سب سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کریں، قائم کردہ قانونی دفعات کی سختی سے پابندی کریں، وزارت ملک کے اندر سلامتی اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر K-Net کے ذریعے ادائیگی کر سکتے ہیں۔ مواصلات کی وزارت نے بھی گزشتہ منگل کو کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ (T1) پر ایک دفتر کھولنے کا اعلان کیا جہاں غیر ملکی مسافر سفر سے پہلے اپنے واجبات ادا کر سکتے ہیں۔ رقم جمع کرانے کی سہولت 24گھنٹے فراہم کی جارہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں