ریاض (08 مارچ 2026): خلیج تعاون کونسل نے بحرین اور کویت پر مسلسل ایرانی حملوں کو خطرناک جارحیت قرار دے دیا ہے۔
ایرانی حملوں میں خطے کو نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدوی نے کہا ہے کہ ایرانی حملے علاقائی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انھوں نے کہا حملوں میں اہم سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور چارٹرز کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، تمام خلیجی ممالک بحرین اور کویت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ گلف کوآپریشن کونسل اور یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو ایک اجلاس میں خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا تھا، یورپی یونین کے رکن ممالک عام طور پر خارجہ پالیسی کے معاملات پر کم ہی متفق ہوتے ہیں، اس لیے یہ قابلِ ذکر بات تھی کہ وہ اسرائیل اور ایران کے درمیان وسیع تر تنازع پر اختلاف کے باوجود اس معاملے پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے میں کامیاب رہے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
یورپی ممالک نے اس بات پر بھی خلیجی ریاستوں کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے خطے سے یورپی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کی۔ یورپی یونین کے 27 رکن ممالک نے جمعرات کے مذاکرات میں باری باری اپنے خلیجی شراکت داروں کے ساتھ ہمدردی، تفہیم اور حمایت کا اظہار کیا۔ اور یہ فیصلہ کیا کہ ایران کو خلیجی ممالک پر حملے روکنے پر آمادہ کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو باہم مربوط کیا جائے گا۔
ای یو نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ خلیج تعاون کونسل کی ریاستوں کو اپنی سلامتی اور استحکام کے دفاع اور اپنے علاقوں، شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کے لیے ’’تمام ضروری اقدامات‘‘ کرنے کا حق حاصل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


