تازہ ترین

کرونا کے بڑھتے کیسز، کویتی حکومت کا کرفیو کے حوالے سے بڑا اعلان

کویت سٹی: کویت کی حکومت نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز  وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کرونا کی صورت حال اور صحت کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین نے کرونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روک تھام کے لیے کرفیو کی تجویز دی جس کو منظور کرلیا گیا۔

حکومت نے کرونا اور دیگر وبائی امراض کو کم کرنے کے لیے آئندہ ہفتے سے جزوی پابندی (کرفیو) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومتی اراکین کی تجاویز کو منظور کرتے ہوئے وزارتوں اور سرکاری ایجنسیوں کو جزوی کرفیو کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کویتی حکام کی ہوائی اڈہ کھلنے اورغیرملکیوں‌ کی واپسی کے حوالے سے وضاحت

کونسل کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے مطابق 7 مارچ سے ایک ماہ تک شام 5 سے صبح 5 بجے کر تمام علاقوں میں جزوی کرفیو نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت کسی بھی شہری کو بنا ضرورت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب کابینہ نے تجارتی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت 7 مارچ سے حجام کی دکانیں، ہیلتھ کلب اور تمام مارکیٹس و مالز کو صبح 7 سے شام پانچ بجے تک کھولا جائے گا۔

کابینہ نے واضح کیا کہ کاروباری سرگرمیاں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں جزوی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی جس کے بعد کرونا کی صورت حال کا جائزہ لے کر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پچھلے تین دنوں کے دوران کویت میں کرونا کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ دنوں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جن میں سے 20 مریضوں کی اموات بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کیسز: کویت نے اہم اقدام کرلیا

یاد رہے کہ 22 فروری کو کابینہ نے ہیلتھ کمیٹی کی جانب سے ملک میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کی تجاویز کو مسترد کر کے اس کی جگہ ملک میں کوونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں کئی سخت فیصلوں کا سلسلہ شروع کیا تھا تاہم تین دن میں ملک کی غیر یقینی صورتحال کے بعد کرفیو کا فیصلہ کیا گیا۔

Comments

- Advertisement -