کویت پولیس نے ساحل پر اپنی کار میں موجود ایک مرد اور ایک عورت کو حراست میں لے لیا، کار کی تلاشی کے بعد دونوں ملزمان کو ملک بدر کرنے والے محکمے کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے سمندری علاقے میں ساحل پر کھڑی گاڑی میں بیٹھ کر شراب پینا فلپائنی خاتون اور شامی مرد کو مہنگا پڑ گیا،35 سالہ شامی اور ایک 41 سالہ فلپائنی تارکین وطن کو دوحہ فارم ہاؤسز کے قریب کھڑی کار میں شراب کی بوتلوں کے ساتھ پکڑے جانے کے بعد ڈی پورٹیشن سینٹر کے حوالے کردیا گیا۔
اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوحہ فارم ہاؤسز میں اہلکاروں کو گشت کے دوران ساحل کے سامنے ایک کار کھڑی نظر آئی جس کے اندر ایک مرد اور ایک عورت موجود تھی۔
قریب پہنچنے پر معلوم ہوا کہ وہ دونوں افراد نشے میں دھت تھے۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر شراب کی بوتل ملی جس کے بعد انہیں پولیس ن ےحراست میں لے کر متعلقہ تھانے لے جایا گیا۔
خیال رہے کہ جلاوطنی اور عارضی حراستی امور کے محکمے نے مختلف جرائم کے ارتکاب کی پاداش میں اب تک 630تارکین وطن جن میں 350 مرد اور280 خواتین شامل ہیں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے سہ فریقی مشترکہ کمیٹی کے ساتھ مل کر جنوبی ابراق خیطان میں اقامہ اور کام کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف قومیتوں کے 21 غیرملکیوں کو گرفتار کیا جنہیں متعلقہ حکام کے حوالے کیا جارہا ہے۔