تازہ ترین

کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا

کویت سٹی: کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کویت میں پڑوسی ملک سے حال ہی میں واپس آنے والے ایک شہری میں ہیضے کے انفیکشن کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (کے یو این اے) نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ شہری کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور اس کا ایک اسپتال میں علاج بھی جاری ہے۔

وزارت نے ایک بیان میں کویت میں ہیضے کے پھیلنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے، تاہم وزارت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر محفوظ پانی اور خوراک کے ذرائع سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ہر سال پوری دنیا میں ہیضے کے 1.3 سے 4 ملین کے درمیان کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جب کہ ہیضے کے انفیکشن سے ہر سال دنیا بھر میں 21 ہزار سے لے کر 143,000 کے درمیان اموات ہوتی ہیں۔

عراق اور شام اس وقت ہیضے کی وبا کا شکار ہیں، رواں ماہ شام میں ہیضے کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1400 تک پہنچ گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -