پیر, اگست 10, 2026
اشتہار

کویت: سیلون اور بیوٹی پارلر کیلیے نئے قوانین کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کویت سٹی (29 اکتوبر 2025): کویت کی وزارت صحت نے سیلون اور بیوٹی پارلر کیلیے نئے قوانین کا اعلان کرتے ہوئے حفظانِ صحت اور آپریشنل معیارات کو مزید سخت کر دیا۔

خلیجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیصلہ وزیرِ صحت ڈاکٹر احمد العوضی نے قرارداد نمبر 194/2025 کے تحت جاری کیا جو سرکاری جریدہ کویت الیوم میں شائع ہوا۔ فیصلے کے تحت تمام اداروں کو ایک جامع ہیلتھ ریکوائرمنٹس گائیڈ پر عمل درآمد کرنا لازمی ہے جس کا مقصد عوامی صحت اور ویلنس سیکٹر میں پیشہ ورانہ سالمیت کا تحفظ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 تک کویت میں تقریباً 1200 بیوٹی سیلون اور 551 جمز موجود ہیں جو اس صنعت کی وسعت کو ظاہر کرتے ہیں جو نئے قوانین سے متاثر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کویت میں عوام کی سہولت کے لیے زبردست ایپ متعارف

نئے قوانین کویت میں کام کرنے والے تمام ہیلتھ اداروں، سیلون اور پرسنل کیئر اسٹیبلشمنٹس پر نافذ ہوتے ہیں۔ ان کے تحت اداروں کو سخت حفظانِ صحت کے اقدامات اپنانا، عملے کی تربیت یقینی بنانا اور صفائی اور وینٹیلیشن کے منظور شدہ معیارات برقرار رکھنا لازم ہے۔

ڈاکٹر العوضی نے کہا کہ وزارت متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مکمل تعمیل کو یقینی بنائے گی، اداروں کو اب اپنے آپریشنز کو نئی گائیڈ کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ گاہکوں اور ملازمین دونوں کیلیے محفوظ ماحول برقرار رہے۔

اداروں کو یکم مارچ 2026 تک نئے صحت و حفاظت کے تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا۔

نئی گائیڈ کے تحت بیوٹی اور ویلنس سینٹرز کو کئی کلیدی شعبوں میں بہتری ظاہر کرنا ہوگی جیسے کہ بار بار جراثیم کشی، ویسٹ مینجمنٹ اور ہر استعمال کے بعد آلات کی جراثیم کشی، تمام ملازمین کیلیے حفظانِ صحت اور حفاظت کی لازمی تربیت، ہر علاج کیلیے انفیکشن کنٹرول کے طریقہ کار، صحت کے معیارات پر پورا اترنے والے بہتر وینٹیلیشن سسٹم اور اجازت نامے اور باقاعدہ ہیلتھ آڈٹ۔

یہ اقدام کویت کی وسیع تر عوامی صحت کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد حفظانِ صحت اور حفاظت کے فریم ورک کو بین الاقوامی بہترین طرز عمل کے مطابق ڈھالنا ہے۔

ان نئے معیارات کے نفاذ سے حکام صارفین کا اعتماد بحال کرنا اور پرسنل کیئر سیکٹر میں ذمہ دارانہ کاروباری طرز عمل کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں