The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں ڈاکٹر نے خود کو گولی مار خودکشی کرلی

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر نے گھریلو ناچاقی کے سبب خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ایس پی کلفٹن عمران مرزا کے مطابق ڈاکٹر ماہا نے خود کو واش روم میں بند کرکے گولی ماری، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہا کے سر پر گولی لگی جس سے دماغ کے سیلز متاثر ہوئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر غیرشادی شدہ تھیں اور کافی عرصے سے گھریلو پریشانی کا شکار تھیں، خاتون ڈاکٹر کا آبائی تعلق میرپورخاص سے ہے وہ 15 دن قبل ہی ڈیفنس میں کرایہ پر آئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر اپنے والد، والدہ، 2 چھوٹی بہنوں اور ایک چھوٹے بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھیں، ڈاکٹر کا والد سے جھگڑا ہوا جس پر دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے خودکشی کرلی۔

پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خودکشی میں نائن ایم این پستول استعمال ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈیفنس فیز فائیو میں رکشہ ڈرائیور احمد نے خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی، رکشہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

رکشہ ڈرائیور کے اہلخانہ کے مطابق وہ کئی روز سے معاشی پریشانیوں کا شکار تھا اور گھر میں فاقوں کی نوبت آگئی تھی، پولیس نے اہلخانہ کے بیان قلمبند کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں