لاہور(13 اپریل 2026): غالب مارکیٹ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک منظم گروہ کو ٹریس کرتے ہوئے شاہدرہ سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او غالب مارکیٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، پولیس نے گاڑیوں کے سائیڈ شیشے چوری کرنے والے 4 رکنی خاندانی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس تحقیقات کے مطابق اس انوکھے گینگ کا سربراہ مرکزی ملزم خود ہے، جس نے اپنے بیٹوں اور ایک قریبی رشتہ دار کے ساتھ مل کر یہ گروہ بنا رکھا تھا۔
یہ ملزمان رات کے اندھیرے میں شہر کے مختلف علاقوں میں کھڑی گاڑیوں کے قیمتی سائیڈ شیشے چوری کرنے کی وارداتیں کرتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد باآسانی فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چوری شدہ مال کو ٹھکانے لگانے کے لیے بلال گنج مارکیٹ میں شیشے فروخت کرنے کی باقاعدہ دکان بنا رکھی تھی۔ یہ گروہ چوری کیے گئے شیشے اپنی اسی دکان کے ذریعے مارکیٹ میں سستے داموں فروخت کر دیتا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ شیشوں سے بھرے 4 توڑے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


