لاہور(17 جون 2026): لاہور پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جعلسازی کے ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ چاک کر کے باپ بیٹوں سمیت 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان لاہور میں جعلسازی کے لیے قائم فیکٹری نما سیٹ اپ چلا رہے تھے، جسے پولیس نے پکڑ کر تمام سامان برآمد کر لیا ہے۔ یہ 4 رکنی گروہ جعلی کرنسی، شناختی کارڈ، تعلیمی ڈگریاں اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرنے میں ملوث تھا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ملزمان پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی تیار کر کے ملک کے مختلف اضلاع اور بیرونِ ملک سپلائی کرتے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جعلی ملکی و غیر ملکی کرنسی، جدید پرنٹنگ مشینیں، کمپیوٹرز اور کرنسی بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل برآمد ہوا ہے۔
تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ گینگ کے سرغنہ ریاض نے بیرونِ ملک سے جدید کلر میچنگ کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رکھی تھی۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت ریاض، ساجن ریاض، عمران اور آصف کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے خلاف لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔


