(27 مارچ 2026): لاہور کے علاقے تھانہ اکبری گیٹ کے حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 5 سالہ معصوم بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔
ایس ایچ او اکبری گیٹ کے مطابق 5 سالہ معصومہ رکشہ کے اوپر بیٹھی تھی کہ اچانک نالے کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں بچی رکشہ سمیت نالے میں جا گری اور زندگی کی بازی ہار گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موچی گیٹ پارکنگ پلازہ کی دیوار گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔ واضح رہے کہ سٹی ڈویژن میں یہ مختصر عرصے کے دوران دوسرا بڑا سانحہ ہے۔
اس سے قبل بھی ایک ماں اور بیٹی نالے میں گر کر جاں بحق ہو چکی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے کاروباری مرکز آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ریلوے کالونی میں ایک شخص کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور جدوجہد کے بعد مین ہول سے لاش کو باہر نکالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی افراد نے کھلے مین ہول اور انتظامیہ کی غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


