لاہور(29 ستمبر 2025): پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقے چنیوٹ، گوجرہ، گجرات اور جڑانوالہ میں سی سی ڈی سے مقابلوں کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی سی ڈی کا پہلا مقابلہ چنیوٹ میں ہوا، ریلوے پھاٹک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 3 ڈاکوؤں نے جھنگ فیصل آباد روڈ پر شہری سے موٹر سائیکل چھینی جب سی سی ڈی نے تعاقب کیا تو ڈاکو فائرنگ کرکے فصلوں میں فرار ہوگئے، سرچ آپریشن کے دوران ایک ڈاکو کی لاش ملی جبکہ 2 فرار ہوگئے، ہلاک ڈاکو کی شناخت حسن جہانگیر کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو مارے گئے
گوجرہ میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوئے، سی سی ڈی حکام کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنےکی کوشش کی گئی لیکن ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو مارےگئے۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت ریاست علی اور محمد ارشاد کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکوؤں سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گجرات میں 2 مبینہ مقابلے میں 2 بدنام زمانہ ڈاکو مارے گئے، ہنجرا پل پر انسپکٹر عدنان احمد تارڑ کی ٹیم نے ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ کیا، ہلاک ملزم شاہد پرویز 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد پرویز 4 مقدمات میں اشتہاری بھی تھا، ہلاک ڈاکو شاہد پرویز بین الاضلاعی مویشی چوری، چھیننے والے گینگز کا سربراہ تھا، ہلاک ملزم ذیشان اسلم ڈھائی درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، ذیشان کے جرائم کا نیٹ ورک خوشاب سرگودھا اور گجرات میں پھیلا ہوا تھا۔
جڑانوالہ کے تھانہ سٹی کی حدود میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور 2 فرار ہوگئے، 3 مسلح ڈاکو سید والا روڈ سے شہری سے نقدی ،موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو عدنان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، ہلاک ملزم ریکارڈ یافتہ اور سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، جبکہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


