لاہور کے علاقے ہنجروال میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہنجروال میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت حکیم اللہ ظہیر کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش نکال لی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلی میں روشنی کم ہونے کے باعث بچہ مین ہول میں گرا، گلی میں 5 مین ہول کے ڈھکن موجود نہیں تھے، واسا کی ٹیم نے سیوریج کی صفائی کے لیے مین ہول کے ڈھکن ہٹا رکھے تھے۔
یہ پڑھیں: لاہور : مین ہول میں گر کر معصوم بچہ جاں بحق
عینی شاہد کے مطابق ضلعی عملے کی موجودگی میں بچہ مین ہول میں گرا، اہل علاقہ نے انتظامیہ کے اہلکار کی منت کی کہ بچے کو گٹر سے نکالو۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار نے کہا کہ میرے کپڑے خراب ہوجائیں گے اور فرار ہوگیا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو گٹر سے نکالا اور ریسکیو کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔
بعدازاں ریسکیو عملے نے بتایا کہ بچہ گٹر میں گرنے کے باعث جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔


