لاہور: لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار 22 ویلر ٹرالر تلے کچلی گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے طویل آپریشن کے بعد تینوں افراد کی لاشیں تباہ شدہ کار سے نکالیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر پیش آیا جہاں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر 22 ویلر ٹرالر چڑھ دوڑا۔ ٹرالر کے بھاری وزن کے باعث کار مکمل طور پر پچک گئی اور اس میں سوار افراد پھنس گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لیے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد حاصل کی گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی میں پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے کار کے مختلف حصے کاٹے۔ امدادی کارروائی کے دوران تینوں افراد کی لاشیں نکال کر مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد عاصم، ان کی اہلیہ ہما عاصم اور بیٹے طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ میں شاہ جمال سے بتایا جارہا ہے۔
ہولناک حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حادثے کا شکار کار کا رجسٹریشن نمبر DEX-436 بتایا گیا ہے۔
گھر سے ملنے والی 5 افراد کی لاشیں : خط اور کزن کے بیان نے سوالات کھڑے کردیے
تباہ شدہ کار کو حادثے کے بعد موقع سے ہٹا دیا گیا اور علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی۔


