لاہور : مارکیٹس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کے نئے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا تاہم میڈیکل اسٹورز، اسپتال، دودھ کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپ ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسموگ کے تدارک کے لیے 2023 کے نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔ انتظامیہ کے مطابق لاہور میں مارکیٹیں پیر سے ہفتہ تک رات 10 بجے بند کی جائیں گی جبکہ اتوار کو دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔.
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو رات 12 بجے تک بند کرنا لازم ہوگا۔ ہوم ڈیلیوری سروس کو رات 2 بجے تک کی اجازت ہوگی۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ میڈیکل اسٹورز، اسپتال، دودھ کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپ ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے چونکہ 2023 کا نوٹیفکیشن پہلے سے نافذ العمل ہے، اس لیے نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔
مزید پڑھیں : مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز رات 10 بجے بند! عوام کے لیے بڑی خبر
دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے بھی اسموگ اور موسمی بیماریوں کے تدارک سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔
یہ قرارداد حکومتی رکن اسمبلی فاطمہ بیگم نے پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ موسمی حالات اور بڑھتی ہوئی اسموگ شہریوں کی صحت کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔
قرارداد میں سفارش کی گئی کہ دکانیں رات 8 بجے اور شادی ہالز رات 10 بجے بند کیے جائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ حکومتی اقدامات سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی ہوگی بلکہ صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔


