بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

لاہور: گلبرگ میں دھماکے کی افواہ تھی، رانا ثنا اللہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گلبرگ میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ صرف افواہ تھی۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وہاں موجود پولیس چیف سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے تصدیق کی ہے کہ گلبرگ میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بڑی زیادتی ہے، ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ایسی افواہیں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس افواہ کی تحقیقات کروائیں گے اور جھوٹی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مذکورہ افواہ کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے گلبرگ روانہ ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ریسکیو انچارج پنجاب نے بھی تصدیق کی ہے کہ گلبرگ میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ دھماکے کی صرف افواہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ یہ افواہ اس وقت سامنے آئی جب تھوڑی دیر قبل ہی ڈیفنس کے علاقے میں بھی ایک ریستوران میں دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈیفنس دھماکے اور گلبرگ میں دھماکے کی افواہ کے بعد لاہور بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سینئر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

:دہشت گردی کی تازہ لہر

پاکستان ایک با رپھر دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں ایک مہینے میں دوسری بار لاہور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل 13 فروری کو لاہور کے علاقے مال روڈ پر ہونے والے ایک احتجاج کے دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 144 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اس دھماکے کے دو روز بعد 16 فروری کو سندھ کے شہر سیہون میں واقع حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دھمال کے دوران خود کش حملہ کیا گیا جس میں 94 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

انہی دنوں میں ملک کے دیگر صوبوں میں دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا اور کوئٹہ، پشاور اور چارسدہ سمیت کئی شہروں میں دھماکے ہوئے جن میں متعدد افراد شہید ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ ان دنوں دبئی میں جاری ہے جس کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہونا ہے۔ 2 دن قبل پی سی بی نے ٹیم مالکان کے ساتھ مل کر حتمی فیصلہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں