لاہور: اسما تشدد کیس میں عدالت نے اسما کے خاوند فیصل اور ملازم راشد کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں اسما تشدد کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے اسما کے شوہر فیصل اور ملازم راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سے ابھی برآمدگی مکمل نہیں ہوئی، ملزمان کے دو ساتھی کو بھی گرفتار کرنا ہے، مشین اور پائپ جسے سے تشدد ہوا وہ برآمد ہوگئے ہیں۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ خاتون چھری سے حملے میں زخمی ہوئی، اسے قتل کرنے کی کوشش بھی کی گئی، ملزم سے ابھی چھری برآمد نہیں ہوئی ہے مزید ریمانڈ دیا جائے۔
اسما نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمان نے مشین سے اس کے بال کاٹے، ملزم نے تکیے سے سانس بند کرکے قتل کرنے کی کوشش بھی کی۔
ملزم فیصل نے بیان دیا کہ وہ بے گناہ ہے، خاتون بلیک میلر ہے، اس نے میری ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے اسما کے خاوند فیصل اور راشد کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔
مزید پڑھیں: اسما تشدد کیس میں نیا موڑ، ملزم ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث نکلا
واضح رہے کہ اسما کے شوہر نے بہیمانہ تشدد کے بعد اس کے بال مونڈھ دیے تھے، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے واقعے کا فوری نوٹس لیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، تھانہ کاہنہ میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا.
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کی مقامی عدالت میں اسما عزیز تشدد کیس کی سماعت ہوئی تھی، عدالت نے اسما کے خاوند فیصل اور ملازم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔