لاہور بار ایسوسی ایشن نے سیشن کورٹ کے تمام دروازوں پر تالے لگا دیے، تالہ بندی کے باعث ججز عدالتی عملے اور سائلین سمیت کسی کو بھی اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمار یاسر سمیت وکلاء نے لاہور کی سیشن کورٹ کے تمام داخلی دروازوں کو صبح سویرے سے ہی بند کردیا تھا۔
تالہ بندی کے باعث وہاں روز آنے والے ججز، سائلین، عدالتی عملہ، پولیس اور قیدیوں کو بھی سیشن کورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تالہ بندی کا سبب مقدمات کی ضلعی سطح پر منتقلی ہے، لاہور بار کے مطابق کیسز کی منتقلی کے باعث وکلاء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ سیشن کورٹ میں تالہ بندی کی وجہ سے مختلف مقدمات میں پیش ہونے کے لیے دور دراز سے آئے ہوئے سائلین مارے مارے پھرتے رہے۔
وکلا کا کہنا ہے کہ ججز اور سائلین کو عدالتوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، وکیل کے خلاف درج کیے گئے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کی جائے۔
تالہ بندی کی وجہ سے سیشن کورٹ کے تمام مرکزی دروازوں پر سائلین کا رش لگ گیا،20 ہزار کے قریب مقدمات بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئے، سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دوسر دراز علاقوؐں سے آنے والے سائلین بغیر کارروائی کے واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔