لاہور: لاہور ہائیکورٹ بار نے آزادی کشمیرکےلیے تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے اور ہائیکورٹ روزانہ ایک گھنٹے کے لیے مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بر بریت کے خلاف آزادی کشمیر کی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور بار کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سیاسی طورپر بھرپور ساتھ دے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ضیا الرحمان سمیت دیگر عہدیداروں نے اعلان کیا کہ وکلا آزادی کشمیر کے لیے تحریک چلائیں گے اس تحریک میں ڈاکٹرز،انجئینرز اور اساتذہ کوبھی شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پرصدر رانا ضیا الرحمان نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں لاہورہائیکورٹ بار کا آل پاکستان وکلا کنونشن بلایا جائے جس میں پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار سمیت دیگر وکلا تنظییں شرکت کریں گے ۔
بار کے عہدیداروں نے یہ اعلان بھی کیا کہ لاہور ہائیکورٹ بار روزانہ ایک گھنٹے مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
واضح رہے 28 جولائی کو کشمیری حریت پسند رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور بربریت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے بعد سے پاکستان میں موجود مختلف طبقہ جات سے تعلق رکھنے والے نمائندے اپنے کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں نکل آئے ہیں۔