لاہور کی مقامی عدالت نے بھاٹی گیٹ میں ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے مقدمے میں گرفتار پانچ ملزمان کو صلح کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے کیس کی سماعت کی کمرہ عدالت نے مدعی میں پیش ہوکر بیان دیا کہ ہم ملزمان کے خلاف مزید کاروائی نہیں کرنا چاہتے۔ملزمان کو بری یا مقدمے سے ڈسچارج کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
عدالت نے صلح کی بنیاد پر ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی اور ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ پڑھیں: بھاٹی گیٹ کیس میں صلح، مرحومہ کے شوہر اور والد کو کتنے لاکھ ملے؟ مریم نواز نے بتا دیا
ملزمان میں پراجیکٹ مینیجر، اصغر سندھو، سیفٹی انچارج حنزلہ ، سائیٹ انچارج احمد نواز ، عثمان اور سلمان شامل ہیں.
تھانہ بھاٹی گیٹ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھاٹی گیٹ کے قریب ماں اور کمسن بچی مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھیں جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔


