تازہ ترین

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد، مزرا قائد پر حاضری

کراچی: پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر موجود...

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد...

پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے...

پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی...

لاہور: مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ،5 فوجی اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید

لاہور: بیدیاں روڈ پر وین کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 فوجی اہلکاروں اور مردم شماری کے عملے سمیت 7 افراد جاں بحق 20 کے قریب  زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بیدیاں روڈ پر وین کے قریب دھماکے ہوا جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا، جس میں سے 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں مردم شماری کے ارکان بھی شامل ہیں۔

ایک اور زخمی فوجی چل بسا

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے، جس کے بعد اب جاں بحق فوجیوں کی تعداد پانچ ہوگئی

لاہور بیدیاں روڈ میں 7 بج کر 45 منٹ پر مردم شماری کا عملہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ وین میں سوارہونے والا تھا کہ دھماکا ہوگیا۔

دھماکہ اتنا زور دار تھا قریب کھڑی گاڑیوں اورعمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایک کلومیٹرریڈیس کا علاقہ سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے،واقعے کے بعد علاقے میں مردم شماری کا عمل عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

اس دھماکے کو ابتدائی طور پر وین میں سلینڈر دھماکا بتایا جارہا تھا تاہم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بیدیاں روڈ پر ہونے والا ویگن دھماکا خودکش حملہ تھا، جس میں مردم شماری کی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا۔

مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ میں وین ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا،  وین ڈرائیور عثمان خود کش حملے میں  زخمی ہوا تھا۔


خود کش حملہ آور پیدل چل کر وین کے قریب پہنچا اور خود کو اڑا لیا، سی ٹی ڈی

سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکےمیں 8سے 10کلوبارودی مواداستعمال ہوا، دھماکے کی جگہ مردم شماری کا چوتھا پوائنٹ تھا، خود کش حملہ آور پیدل چل کر وین کے قریب پہنچا اور وین کے قریب پہنچتے ہیں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا، دھماکے کے وقت علاقے کی دکانیں بند تھیں جبکہ خودکش حملہ آور کا سرمل گیا ہے اور خودکش حملہ آور کا سر اور باقی جسمانی اعضاء بھی قبضہ میں لے لیے گئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل اسپتال میں 3لاشیں اور 11زخمی موجود ہے جبکہ زخمیوں میں 4کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ تصدیق کے بعد ہی معلومات شیئر کرسکوں گا، دھماکے سے متعلق صورتحال واضح ہونے میں وقت لگے گا،دھماکے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

کمشنرلاہورعبداللہ سنبل کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا ، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق،18زخمی  ہیں، مردم شماری کی ٹیم پر حملہ کیا گیا جبکہ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بمبار نے موٹرسائیکل مردم شماری وین سے ٹکرادی ،حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت مردم شماری عملے کے افراد شہید ہوئے۔


لاہور کے تمام اسپتال ہائی الرٹ پر ہیں، وزیرصحت پنجاب

وزیرصحت پنجاب عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسپتال میں 9زخمی  ہیں،3کی حالت نازک ہے جبکہ جنرل اسپتال میں 2لاشیں لائی گئی ہیں، لاہور کے تمام اسپتال ہائی الرٹ پر ہیں، زخمیوں میں بال بیرنگ نہیں دیکھے گئے، جائے وقوع پر گیس لیکج کے بھی شواہد ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ فرانزک ٹیم کی رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں، وین ڈرائیورکو بھی صورتحال کی کچھ سمجھ نہیں آئی، پانچ افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔


لاہور دھماکا، جاں بحق اور زخمیوں کی فہرست جاری

ریسکیو نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کی فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد بوٹا، اویس، عبداللہ اورسجاد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں رحمان، شکیل،احسان، دلباغ، الطاف، ممشاد، اسلم، ماجد ، ارشاد ، جمیل، افضل، فیض احمد، محمدفاروق، فرحان، اسلم، عثمان، ارشد، تہمینہ اور عابد شامل ہیں۔

ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 6ماہ کا بچہ، ایک خاتون اور تین نوجوان بھی شامل ہیں۔


امن کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کورکمانڈر لاہور

کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے جنرل اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، کورکمانڈرلاہور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں فوج ،عوام نے بے پناہ قربانیاں دیں، امن کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، فوج اور عوام مل کرشرپسندوں کو انجام تک پہنچا کردم لیں گے۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی بیدیاں روڈ دھماکے کی مذمت

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بیدیاں روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیکر آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ فرض کی ادائیگی میں جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائےکم ہے۔

انہوں نے کہا دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے ۔


وزیراعظم کا قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

وزیراعظم نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے جوان مردم شماری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔


صدرممنون حسین کا اظہار مذمت

صدرممنون حسین نے لاہور میں فوجی جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی  کا جڑ سے صفایا کیا جائے گا، عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، مٹھی بھر دہشت گرد ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔


گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا اظہار افسوس

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بیدیاں روڈد ھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچا کردم لیں گے۔


عمران خان کی لاہورخود کش حملے کی شدید مذمت

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہورخود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ  امن کے دشمن پاکستان میں انتشار کے خواہاں ہیں، دہشت گردوں کو خاک میں ملانے کیلئےغیر معمولی حکمت عملی ناگزیر ہے،  وفاق و پنجاب حکومتیں سنگین کوتاہیوں کی مرتکب ہورہی ہیں

عمران خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر جزوی عملدرآمد انتہائی مہلک ثابت ہوگا، پنجاب حکومت زخمیوں کی معیاری اور مکمل نگہداشت یقینی بنائے۔


لاہور کے عوام  کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں دہشت گردی  کی مذمت کرتے ہوئے  جوانوں کی شہادت پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں نے عوام کا سکھ اور چین چھین لیا ہے، لاہور کے عوام  کودہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، شہداکے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے شکار تمام شہداکی وارث ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔


نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کیاجاتا تو دہشت گردی ختم ہو جاتی،زرداری

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف زرداری نے لاہور کے علاقے بیدیاں میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کیاجاتا تو دہشتگردی ختم ہو جاتی، دہشت گردی کی تمام نرسریاں تباہ کرنا ہونگی۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوجی جوانوں پرحملہ کرنے والوں کوسخت سزا دی جائے جبکہ آصف زرداری نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔


مردم شماری ٹیم پرحملہ بزدلانہ اقدام ہے،اسحاق ڈار

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے لاہوردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  مردم شماری ٹیم پرحملہ بزدلانہ اقدام ہے، ایسےجرائم میں ملوث افرادکوکٹہرےمیں لایاجائےگا، ایسےواقعات دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارےعزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔


ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیا جائے گا،مریم اور نگزیب

وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے لاہوردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیا جائے گا۔


مزید پڑھیں : لاہور ڈیفنس میں دھماکہ‘ آٹھ جاں بحق 21 زخمی


واضح رہے کہ 23 فروری کو لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے  جبکہ 13 فروری کو ہی لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش حملے کے نتیجے میں پولیس افسران سمیت 13 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے تھے۔

Comments

- Advertisement -