صوبائی دارالحکومت لاہور میں درندگی کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں اوباش نوجوانوں نے 3 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہورکے علاقے چوہنگ میں تین بچوں کے ساتھ اوباش نوجوانوں نے زیادتی کی، ملزمان نے قبیح فعل کے دوران بچوں کے کپڑے اتار کر ان کی برہنہ ویڈیو بھی بنائیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق زیادتی کا شکار بچوں ک عمریں بارہ سے تیرہ سال کے درمیان ہیں، جنہیں ان کے محلے دار نے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں سے زیادتی کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بچوں کا میڈیکل کرایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ میں 2 سالہ بچی مبینہ زیادتی کا شکار
پنجاب سمیت ملک بھر میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، گذشتہ ماہ مظفرگڑھ کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں بدبخت شخص نے 2 سالہ بچی کو اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بناڈالا تھا، درندہ صفت شخص قبیح حرکت کے بعد فرار ہوگیا تھا۔
بیس فروری کو بھی شیخوپورہ میں سولہ سالہ لڑکی سے تین ملزمان نے اجتماعی زیادتی کی تھی، میڈیکل رپورٹ میں بچی کےساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔
بارہ فروری کو صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے نوکوٹ میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، خبر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا تھا۔