لاہور (16 اگست 2026): پنجاب کے تمام کالجوں میں ایڈمیشن کیلیے داخلہ پالیسی تبدیل کرتے ہوئے طلبہ کو بڑی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کالجوں میں ایڈمیشن کے لیے داخلہ پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے اور محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے کالجوں میں مینوئل داخلوں کو مکمل طور پر ختم کرتے ہوئے داخلوں کو مکمل طور پر آن لائن سسٹم پر منتقل کر دیا ہے۔
پنجاب 2027 سے کالج میں داخلے مکمل طور پر آن لائن کرے گا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے 2027 سے صوبے بھر میں مینوئل کالج داخلوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، داخلہ کے پورے عمل کو آن لائن سسٹم پر منتقل کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (DPI) پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق یہ اقدام پنجاب حکومت کی پیپر لیس پالیسی کا حصہ ہے اور اس کا مقصد طلبہ کے لیے داخلہ کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
نئے نظام کے تحت کالجز اب پرنٹ شدہ پراسپیکٹس یا داخلہ فارم جاری نہیں کریں گے۔ طلبہ کو اپنی داخلہ درخواستیں اور دیگر متعلقہ طریقہ کار آن لائن سسٹم کے ذریعے مکمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
کالج کی داخلہ فیس کی ادائیگی پہلے ہی آن لائن کر دی گئی ہے، جبکہ بقیہ داخلے کے طریقہ کار کو اگلے تعلیمی سال سے ڈیجیٹل کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر انصر اظہر نے طلبہ اور والدین سے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر کالجوں میں جانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کے بجائے آن لائن سسٹم کا استعمال کریں اور گھر بیٹھے سہولت سے داخلہ حاصل کریں۔


