لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دکان میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ کالج روڈ پر دکان میں سلنڈر کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت حافظ محمود کے نام سے ہوئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے کہا ہے کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے، دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہے، علاقے میں میلاد اپنے پروگرام کے مطابق جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا فریج کی دکان کے باہر گیس ری فلنگ کے دوران ہوا، جائے وقوعہ سے تحقیقاتی ٹیموں کو پھٹے ہوئے سلنڈر کے ٹکڑے ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق ری فلنگ کرنے والا شخص موقع پر جاں بحق ہوا، دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے تاحال کوئی بارودی مواد نہیں ملا ہے، تحقیقات کررہے ہیں کچھ دیر میں مزید حقائق سامنے آجائیں گے۔