جمعہ, مئی 8, 2026
اشتہار

لاہور: ڈیفنس تھانے میں گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی پر تشدد، ایس ایچ او سمیت پورا تھانہ معطل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور(19 اپریل 2026): تھانہ ڈیفنس اے میں گھریلو ملازمہ اور اس کےبھائی پر پولیس کی جانب سے مبینہ تشدد کیا گیا جس کی ویڈیوز  بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں چوری کے شبہ میں 18 سالہ گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی پر پولیس تشدد کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او سمیت پورے تھانے کے عملے کو معطل کر دیا ہے۔

گھر سے انگوٹھی چوری ہونے کے الزام میں پولیس نے بغیر کسی ثبوت کے لڑکی اور اس کے بھائی کو حراست میں لیا اور ان پر وحشیانہ تشدد کیا، جس کی ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او ڈیفنس اے سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کر کے کلوز لائن کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

واقعے کی انکوائری ایس پی کینٹ کے سپرد کر دی گئی ہے اور 24 گھنٹے میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس نے تشدد میں ملوث دو اہلکاروں، کانسٹیبل حفصہ اور کانسٹیبل ساجد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پولیس حراست میں تشدد اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تھانوں میں شہریوں کے ساتھ عزت اور قانون کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے، اور غیر اخلاقی رویہ اپنانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ترین محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی: تھانے کے اندر سے شہری کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں