لاہور(18 جون 2026): ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر نیوزی لینڈ جانے والے 5 مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی منظم کوشش کو ناکام بنا دیا ہے اور ملائیشیا کے راستے مشرقی تیمور اور نیوزی لینڈ جانے کی کوشش کرنے والے 5 مسافروں کو طیارے سے آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ائیرپورٹ پر ایک مسافر کی ثانوی جانچ کی گئی تو غیر قانونی ہجرت کے ایک منظم منصوبے کا انکشاف ہوا۔ اس مسافر سے ملنے والے ڈیجیٹل شواہد اور موبائل ڈیٹا کی بنیاد پر اسی نیٹ ورک سے جڑے مزید 4 مسافروں کی بھی نشاندہی کر کے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ اس انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کو ملائیشیا میں موجود ایک سہولت کار چلا رہا ہے۔ اس غیر قانونی سفر کے لیے نیٹ ورک نے ہر مسافر سے 50 لاکھ روپے وصول کیے تھے، اور مسافروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ملائیشیا پہنچنے کے بعد آگے کے سفر کے لیے مزید سفری دستاویزات حاصل کریں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا یہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تمام 5 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے، اور انہیں مزید سخت قانونی کارروائی اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل ایف آئی اے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔


