لاہور : بادامی باغ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت کے واقعہ کا ذمہ دار تین پولیس اہلکاروں کو قرار دے کر ان کے خلاف رشوت خوری اور دوران ڈیوٹی غفلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو ستمبر کی رات بادامی باغ کے علاقے کھوکھر روڈ صدیقیہ کالونی میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے ایک لڑکی جاں بحق ہوئی تھی، واقعے کی ذمہ داری ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر ڈال دی۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دوران ڈیوٹی غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں اے ایس آئی ارشاد، کانسٹیبل محمد وکیل اور محمد ریاض کو نامزد کیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ ون فائیو کی کال پر پہنچنے والے اہلکاروں نے حقائق چھپائے، اہلکاروں نے کنٹرول کو بتایا ہوائی فائرنگ نہیں ہوئی، پٹاخے چلے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والوں کو رشوت لے کر چھوڑ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور، شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار
شہزاد اکبر کے مطابق پکڑے جانے والے ملزمان جعفر اور عتیق نے تھانے سے واپس آنے کے بعد دوبارہ فائرنگ کی تھی، دوسری بار ہوائی فائرنگ سے چھت پر کھڑی خاتون کو گولی لگی، واضح رہے کہ ہوائی فائرنگ کا واقعہ دو ستمبر کی رات کو بادامی باغ کے علاقے میں پیش آیا تھا۔