تازہ ترین

پاکستان کا اہم شہر پولیو فری قرار

لاہور کے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے دعویٰ کیا کہ  لاہور پولیو فری ہوگیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے دعویٰ کیا کہ لاہور کا پانچواں پولیو کا ماحولیاتی نمونہ بھی منفی آگیا ہے جبکہ اس سے قبل شہر کے چار نمونہ جات منفی آچکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹرز، پولیو ہیلتھ ورکرز کی محنت اور والدین کے تعاون سے ہی صورت حال بہتر ہوئی اور لاہور نے اتنا بڑا اعزاز اپنے نام کیا‘۔

مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ ’ضلعی انتظامیہ کے انتظامی افسران نے بھی بھرپورکام کیا، ہم سب نے مل کر لاہور کو پولیو فری ہی رکھناہے، آئیں عزم کریں اپنے بچوں کو ہر بار مہم میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرےضرور پلانےہیں‘۔

واضح رہے کہ لاہور نے  پاکستان کا پہلا پولیو فری  شہر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم  جاری رہی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 35 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

کرونا کی وجہ سے پولیو مہم تاخیر کا شکار ضرور رہی، بعد ازاں ملک بھر کے 2 لاکھ 90 ہزار پولیو ورکرز کو  ایس او پیز کے ساتھ فیلڈ میں اتارا گیا جنہوں نے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی فرائض انجام دیے۔

Comments

- Advertisement -