لاہور(9 اکتوبر 2026): لاہور میں نوکری کا جھانسہ دے کر معصوم طلبہ سے بھاری رقوم بٹورنے والا ایک نوسرباز پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔
لاہور میں نوکری کا جھانسہ دے کر معصوم طلبہ سے بھاری رقوم بٹورنے والا ایک نوسرباز پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ملزم کو پولیس نے کسی چھاپے کے دوران نہیں بلکہ اس کی اپنی ہی شادی کی تقریب سے گرفتار کیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس والنٹیئر پروگرام کے نام پر طلبہ کو سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دیتا تھا اور ان سے لاکھوں روپے وصول کرتا تھا۔
ملزم لوگوں کو دھوکہ دے کر طویل عرصے سے لوٹ مار میں مصروف تھا، تاہم متاثرہ طلبہ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی رخصتی کے روز ہی اسے دبوچ لیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔


