لاہور (6 اکتوبر 2026): این سی سی آئی اے نے جعلی قرض ایپس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور سرکل نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلسازوں کے ایسا نیٹ ورک پکڑا ہے، جس جعلی قرض ایپس کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا اور پھر بلیک میل کرتا تھا۔
این سی سی آئی اے کی کارروائی میں خاتون سمیت 39 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 40 لیپ ٹاپ اور 41 موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ گروہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے لوگوں کی جعلی فحش تصاویر بنا کر انہیں بلیک میل کیا کرتا تھا۔ اس کے لیے ملزمان متاثرین کی گیلری اور کانٹینٹ تک رسائی حاصل کرتے تھے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


