لاہور (24 جنوری 2026): گلبرگ کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے 180 افراد کو بحفاظت نکال لیا، واقعے میں ایک ہوٹل ملازم عمران جاں بحق ہو گیا ہے، جس کی لاش نکال لی گئی ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ کے مقامی ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم ریسکیو حکام نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ہوٹل میں موجود افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا۔
آگ لگنے کے وقت ہوٹل میں نجی کالج کی تقریب جاری تھی، ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ بیسمنٹ میں پڑا بوائلر پھٹنے سے لگی، تاحال بیسمنٹ میں آگ کے شعلے موجود ہیں، آگ لگنے کے مقام پر ہوٹل کی الیکٹریکل وائرنگ تھی، بیسمنٹ میں گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پوری ریسکیو ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، چیف سیکریٹری، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی سی موقع پر موجود تھے، اس وقت ریسکیو 1122 کی جانب سے پوری عمارت کی انسپکشن جاری ہے۔
گل پلازہ سانحے میں 10 سے 15 ارب کا نقصان
مریم نواز نے کہا کہ 180 زندگیاں بچ جانا محض اتفاق نہیں، یہ سیف پنجاب وژن اور فعال ہائیڈرنٹ سسٹم کا نتیجہ ہے، اتنی زندگیاں بچانا حکومت اور ریسکیو اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔
دوسری طرف گل پلازہ کراچی میں 90 فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، لیکن پورا ہفتہ گزرنے کے باوجود لاپتا ہونے والے کئی افراد کا کچھ پتہ نہ چل سکا، تکنیکی و تحقیقاتی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ گل پلازہ کا دورہ کیا اور گراؤنڈ فلور کا جائزہ لیا، تحقیقاتی ٹیموں کو دکانوں میں لگے سی سی ٹی وی سسٹم کے مزید ڈی وی آرز مل گئے۔
ڈی وی آر میں محفوظ فوٹیج سے عمارت میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا، سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق مزید 2 افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، رنچھوڑ لائن کے حنیف اور خداداد کالونی کے محمد رمضان کو ڈی این اے سے شناخت کیا گیا تھا۔



