لاہور (24 جنوری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ گلبرگ کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے میں 1 شخص کے علاوہ باقی تمام 280 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نجی ہوٹل کے تہہ خانے میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، 280 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں سے 180 مہمان اور 100 اسٹاف ممبران شامل ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ ریاض نامی ایک شخص کے علاوہ تمام افراد کو کامیابی سے نکال لیا گیا، ریاض کے موبائل فون کا کوئی جواب نہیں مل رہا لیکن پُرامید ہیں کہ وہ جلد زندہ مل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہوٹل سے انخلا اور ریسکیو کا تمام آپریشن براہ راست دیکھ رہی ہوں، مریم نواز
ادھر، ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر نے بتایا کہ نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے دوران دم گھٹنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے جبکہ کسی کے لاپتا ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
رضوان نصیر نے بتایا کہ 27 گاڑیوں اور 72 اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا، عمارت، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں محفوظ ہیں، بیسمنٹ میں بوائلر پھٹنے کی وجہ سے آگ لگی تھی۔
دوسری جانب، ایم ایس سروسز اسپتال عابد غوری کے مطابق ہوٹل میں آتشزدگی سے زخمی 5 افراد سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں، 2 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئیں، ایک شخص کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عابد غوری نے بتایا کہ سروسز اسپتال میں 9 افراد کو لایا گیا ایک کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے جناح اسپتال میں زخمی کی عیادت کی اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


