لاہور: صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے میں خالی پلاٹ سے ملنے والی انسانی ہڈیوں کے باعث سخت خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس سی کے علاقے میں خالی پلاٹ سے بوری میں انسانی ہڈیاں ملی ہیں، مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے انسانی ہڈیوں کوفرانزک لیب بھجوادیا ہے۔
ایس پی کینٹ نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ہڈیاں اورکپڑے کسی خاتون کے ہیں، بظاہراسےقتل کرکے لاش بوری میں بند کرکے پھینکی گئی ہے،پولیس اورفرانزک ٹیموں نےموقع سےضروری شواہد اکٹھےکرلیےہیں اور علاقے کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مددسےچیک کیاجارہا ہے۔
بعد ازاں پو لیس نے واقعہ کا مقدمہ اے ایس آئی اسلم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا، مقدمہ قتل سمیت دیگر سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہڈیوں ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہو جائے گی، ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شناخت کے بعد ملزمان کا تعین کیا جائے گا۔