لاہور : زیرحراست ملزم کے گھر سے برآمد خوکش جیکٹ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ، برآمد ہونے والی جیکٹ میں دیسی ساختہ دھماکاخیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے غازی آباد میں زیرِ حراست ملزم کے گھر سے خودکش جیکٹ برآمد ہونے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکاخیز مواد مردان سے تعلق رکھنے والے ابرار نامی شخص نے فراہم کیا تھا، مردان میں چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زیرِ حراست ملزم خان بابا نے گرفتاری سے بچنے کے لیے دھماکاخیز مواد استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم ریڈ کے دوران اسے ایسا کرنے کا موقع نہیں ملا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ برآمد ہونے والی جیکٹ میں دیسی ساختہ دھماکاخیز مواد استعمال کیا گیا تھا، جبکہ ملزم کے گھر سے جدید اسلحے کی بڑی کھیپ بھی برآمد کی گئی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ کیس کی تفتیش مزید کارروائی کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کر دی گئی ہے۔


