لاہور: کاہنہ پولیس کا ہنی ٹریپ اسکینڈل بے نقاب ہوگیا ، انویسٹی گیشن کا اے ایس آئی فلک شیر خواتین کے ساتھ مل کر گینگ چلانے کا سرغنہ نکلا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کے جان و مال کی محافظ پولیس خود ہی جرائم میں ملوث نکلی، کاہنہ پولیس اہلکاروں کا ایک ہولناک ہنی ٹریپ اسکینڈل سامنے آیا ہے، جس کا سرغنہ انویسٹی گیشن ونگ کا اے ایس آئی فلک شیر نکلا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم اے ایس آئی نے دو خواتین اور دو مردوں پر مشتمل ایک منظم گینگ بنا رکھا تھا، یہ گینگ آن لائن بکنگ کے بہانے معصوم ڈرائیورز کو مختلف مقامات پر بلاتا تھا اور وہاں انہیں خواتین کے ذریعے ہنی ٹریپ میں پھنسا کر بلیک میل کیا جاتا تھا۔
اے آر وائی نیوز نے اس ہنی ٹریپ اسکینڈل کے مکمل ثبوت اور ویڈیو حاصل کر لی ہے۔
ویڈیو میں اے ایس آئی فلک شیر کو ایک مظلوم ڈرائیور پر بیہمانہ تشدد کرتے اور سنگین دھمکیاں دیتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے، گینگ کی جانب سے ڈرائیور سے 4 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا گیا، اور بعد میں ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے دباؤ بڑھایا گیا، جس کے بعد 70 ہزار روپے لے کر صلح کی گئی۔
متاثرہ ڈرائیور اس قدر بے بس ہو گیا کہ اس نے اپنا سامان بیچ کر پولیس اہلکار کو پیسے دیے، جبکہ مزید رقم کے لیے اسے اب بھی مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔


