جمعرات, مارچ 12, 2026
اشتہار

ایک اور واقعہ : شیر نے 8 سالہ بچے کا بازو چبا ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سبزہ زار کے علاقے میں شیر نے 8 سالہ بچے کا بازو چبا ڈالا، واقعے میں بچے کا بازو کٹ چکا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر اور نارمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میںں شیر نے 8 سالہ بچے کا بازوچبا لیا، واقعے میں بچے کا بازو بری طرح متاثر ہوا، جس کے بعد اسے فوری طور پر گنگا رام اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آٹھ سالہ واجد کھیلتے ہوئے ڈولا بریڈنگ فارم ہاؤس میں قائم شیر کے پنجرے کے قریب گیا، جہاں شیر نے اچانک بچے پر حملہ کر دیا اور اس کا بازو چبا لیا۔

بچے کو ابتدائی طور پر ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، بعد ازاں پولیس کی جانب سے گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچے کے علاج کے لیے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

میڈیکل بورڈ میں ہیڈ آف سرجری، دو پروفیسرز، ڈائریکٹر ایمرجنسی اور ہیڈ نرس شامل ہیں۔

ایم ایس گنگا رام اسپتال ڈاکٹر عارف افتخار نے بتایا کہ بچے کا بازو کٹ چکا ہے تاہم اس وقت اس کی حالت خطرے سے باہر اور نارمل ہے، جبکہ بچے کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف نے ادارے کے پاس جگہ کی کمی پر بدھ کے روز گیارہ غیر قانونی شیروں کو تحویل میں لےکر ڈولا بریڈنگ فارم ہاؤس میں رکھوایا تھا۔ ڈولا بریڈنگ فارم ہائوس محکمہ وائلڈ لائف سے لائسنس شدہ ہے اور بچے کا بازو چبانے کا واقع سبزہ زار اسی فٹ روڈ ڈولا فارم ہاؤس میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ناقص اور نامناسب پنجروں اور بریڈنگ فارم مالکان کی غفلت کے باعث پیش آیا تاہم پولیس نے بریڈنگ فارم مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

واقعے کے بعد ایک بار پھر رہائشی علاقوں میں لائسنس یافتہ اور غیر قانونی شیروں کو پالنے پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، جسے شہریوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

+ posts

سدرہ غیاث اے آر وائی نیوز لاہور سے بطور رپورٹر وابستہ ہیں

اہم ترین

سدرہ غیاث
سدرہ غیاث
سدرہ غیاث اے آر وائی نیوز لاہور سے بطور رپورٹر وابستہ ہیں

مزید خبریں