اتوار, اپریل 12, 2026
اشتہار

لاہور: دوران ڈکیتی خاتون کے قتل کا معمہ حل، قاتل کون نکلا؟

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (23 فروری 2026): گزشتہ دنوں گھر میں ڈکیتی کے دوران 32 سالہ خاتون کو قتل کر دیا گیا تھا جس کا معمہ حل ہو گیا اور مبینہ قاتل گرفتار کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے شفیق آباد میں گھر میں ہونے والی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکو نے 32 سالہ خاتون کو قتل کر دیا تھا، جس کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق خاتون نمرہ کا قاتل کوئی اور نہیں اس کا اپنا خالہ زاد بھائی نکلا، جس نے ڈکیتی کے دوران پہچانے جانے پر چھریوں کے وار کر کے اس کو قتل کیا۔

واردات کی حقیقت آشکار ہونے کے بعد انچارج انویسٹی گیشن نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن فرحت عباس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل نمرہ کو چھری کے وار سے قتل کیا تھا اور گھر سے 10 لاکھ روپے نقدی بھی لے گیا تھا۔

ایس پی کے مطابق واردات اس وقت ہوئی، جب مقتولہ کا خاوند اپنی والدہ کو چیک اپ کرانے کے لیے نجی اسپتال گیا تھا اور خاتون اپنے دو سالہ بیٹے کے ساتھ گھر میں اکیلی تھی۔

ملزم گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوا، تاہم خاتون نے مزاحمت کے دوران ڈاکو کو پہچان لیا، جس کے بعد اس نے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور رقم لوٹ کر فرار ہو گیا۔

ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا اور اس سے ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی نقدی بھی برآمد کر لی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں