ہفتہ, جون 6, 2026
اشتہار

’’چھتوں پر بھاگنے، کودنے اور لٹکنے پر پابندی عائد‘‘ پنجاب میں پتنگ بازی کے نئے قواعد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (یکم مئی 2026): پنجاب حکومت نے پتنگ بازی کے نئے قواعد کا اعلان کر دیا جس کے تحت اب چھتوں پر بھاگنے کودنے اور لٹکنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے 2027 پتنگ بازی کیلیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے 30 دسمبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی اور ہر چھت کی چار دیواری کی اونچائی کم از کم ساڑھے 3 فٹ ہونا لازمی ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ پتنگ بازی کے نئے قواعد کے تحت اب چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جب کہ چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کیلیے پریشانی کا باعث بننے والی ہر حرکت قانوناً جرم تصور ہوگی۔ اس لیے اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس لیے بچوں کو بڑوں کی نگرانی کے بغیر چھت کے کناروں پر جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایت پر عملدرآمد ہر شہری، عمارت مالک اور منتظم کے لیے لازمی ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پتننگ بازی والے تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی اور اس تک آسان رسائی لازمی قرار دی گئی، کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طورپر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

 

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں